اسلام آباد: پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں ایک پرجوش تقریر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی امداد کے کیری لوگر بل میں پاکستان پر کوئی پابندیاں عائد نہیں ہوتیں اور پاکستان ہرگز کسی کو ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے اپنی انتہائی پرجوش تقریر میں کیری لوگر بل پر کیے گئے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بل پر کیے گئے تمام اعتراضات بلا جواز رہے ہیں اور بل میں ایسی کوئی بات نہیں جو پاکستان کو کسی چیز پر پابند کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بل کے بارے میں یہ تاثر غلط ہے کہ اس کو قبول کر کے پاکستانی افواج میں مداخلت کا راستہ کھولا گیا ہے۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ پاکستان اپنی ایٹمی صلاحیت پر کسی قسم کی کوئی پابندی برداشت نہیں کرے گا۔